زدران کی سنچری کی بدولت افغانستان نے انگلینڈ کو چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا

لاہور: ابراہیم زدران کی (177) ریکارڈ سنچری اننگزاور عظمت اللہ عمرزئی (58 رن پر پانچ وکٹ) کی بدولت افغانستان نے انگلینڈ کو بدھ کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں آٹھ رن سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی سے باہر کر دیا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 325 رن بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 49.5 اووروں میں 317 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ یہ انگلینڈ کی افغانستان کے خلاف مسلسل دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل افغان ٹیم نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو 69 رن سے شکست دی تھی۔

ابراہیم زدران اور عظمت اللہ عمرزئی افغانستان کی جیت کے ہیرو رہے۔ زدران کی 177 رن کی سنچری نے افغانستان کو ایک مشکل ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ کسی بھی افغان کھلاڑی کا ون ڈے میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔ زدران نے اس سے قبل 2022 میں سری لنکا کے خلاف 166 رن بنائے تھے۔ یہاں انہوں نے یہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

جو روٹ (120) نے انگلینڈ کو فتح کے دہانے پر لے جانے کی پوری کوشش کی لیکن 46 ویں اوور میں عمرزئی نے انہیں آوٹ کرکے انگلینڈ کے امکانات ختم کردیئے ۔ جیمی اوورٹن (32) اور جوفرا آرچر (14) نے آخری اووروں میں عمدہ شاٹس کھیل کر میچ میں جوش و خروش واپس لانے کی کوشش کی لیکن بالآخر وہ افغانستان سے اور ایک اور شکست کو ٹال نہ سکے۔

انگلینڈ اپنے دو میچ ہارنے کے بعد چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گیا ہے۔ اب گروپ بی میں ٹاپ ٹو میں جگہ بنانے کے لیے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

اس سے پہلے قذافی اسٹیڈیم میں افغانستان صرف 37 رن پر تین وکٹیں گنوانے کے بعد مشکلات کا شکار تھا تاہم زدران نے کپتان حشمت اللہ شاہدی (40) کے ساتھ مل کر 103 رن کی شراکت کرکے ٹیم کو بحران سے نکالا جب کہ بعد ازاں عظمت اللہ عمرزئی (41) کے ساتھ 72 رن اور محمد نبی (40) نے 111 رن شراکت کرکے انگلینڈ کو بیک فٹ پر لا دیا۔

اننگز کے آخری اوور میں لیام لیونگسٹون کی گیند پر آؤٹ ہونے سے قبل زدران نے اپنی یادگار اننگز میں 12 چوکے اور چھ چھکے لگائے ۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیونگ اسٹون نے دو وکٹ حاصل کیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *