
قاہرہ (اے پی) حماس 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی نعشیں جمعرات کے دن اسرائیل کو سونپ دے گی جس کے بدلہ میں اسرائیل سینکڑوں فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ عنقریب ختم ہونے والا ہے۔
اسرائیل نے ہفتہ کے دن تقریباً 600 فلسطینی قیدیوں کو رہا نہیں کیا تھا۔ اس کاکہنا تھا کہ حماس‘ یرغمالیوں کی رہائی پر تماشہ بند کردے۔ حماس نے اس تاخیرکو جنگ بندی معاہدہ کی سنگین خلاف ورزی قراردیا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ فلسطینیوں کی رہائی تک جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ ممکن نہیں۔
حماس کے ترجمان عبدالطیف نے چہارشنبہ کے دن امریکی نیوز ایجنسی اسوسی ایٹیڈ پریس(اے پی) کو بتایا کہ 4 اسرائیلیوں کی نعشیں جمعرات کے دن سونپ دی جائیں گی۔ اس کے عوض اسرائیل‘ فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔
ایک اسرائیلی عہدیدار نے بھی توثیق کی کہ 4 یرغمالیوں کی نعشیں سونپی جانے والی ہیں لیکن اس نے تفصیل نہیں بتائی۔ عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی کیونکہ وہ میڈیا سے بات چیت کا مجاز نہیں ہے۔
اسرائیل اور حماس نے منگل کے دن کہا تھا کہ یرغمالیوں کی نعشیں سونپنے کا معاہدہ ہوچکا ہے لیکن انہوں نے تاریخ نہیں بتائی۔