
حیدرآباد: عوام میں برڈ فلو کا خوف دور کرنے کیلئے شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ ریاست آندھرا پردیش میں مرغیوں کی اموات کے واقعات اور ایک شخص میں اس کی علامات کی تصدیق کے بعد عوام میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے
جس کی وجہہ سے چکن کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور اس سے تاجروں کو مالی نقصانات کا سامنا ہے۔ اس دوران چکن پولٹری فیڈریشن کے زیر اہتمام چکن فوڈ میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور ریاست آندھراپردیش کے گنٹور میں چکن کے کھانوں کی مفت تقسیم عمل میں لائی گئی۔اس فوڈ میلہ میں عوام کا ہجوم امڈ پڑا جن میں خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل تھی۔فیڈریشن کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ پکا ہوا چکن اور ابلے
ہوئےانڈے کھانے میں کوئی حرج نہیں ہے،عوام کو یقین دلایا گیاہے کہ مناسب طریقوں سے پکایا گیا چکن کھانا محفوظ ہے اور برڈ فلو کے وائرس سے پاک ہوتا ہے۔ اسی طرح حیدرآباد میں پولٹری بریڈرس کوآرڈینیشن اسوسی ایشن کے زیراہتمام جمعہ کو حیدرآباد اور سکندرآباد شہروں میں چکن اور انڈوں کے میلے کا انعقاد کیا گیا۔ کئی علاقوں میں چکن اسنیکس اور انڈے مفت تقسیم کیے گئے۔
عوامی شعور بیداری کے ذریعہ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی چکن کی فروخت میں بہتری آئے گی اور تاجروں کے حالات بہتر ہوں گے۔