
بنگلورو: کرناٹک کانگریس نے رمضان کے دوران مسلم ملازمین کے لئے شام کو دو گھنٹے کی چھٹی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں لاگو قوانین کے مطابق کیا گیا ہے۔
کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے نائب صدور سید احمد اور اے آر ایم حسین نے چیف منسٹر سدارامیا سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کے دوران مسلم سرکاری ملازمین کو شام 4 بجے کے بعد دو گھنٹے کی چھٹی دی جائے۔
وزیراعلی کے دفتر کو جمع کرائی گئی ایک باضابطہ اپیل میں احمد اور حسین نے ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ مسلمان ملازمین کو گھر پر افطار کرنے کے لیے شام 4 بجے کے بعد کام چھوڑنے کی اجازت دینے میں نرمی نافذ کی جائے۔
اس چھٹی کا مقصد مسلمان ملازمین کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں مدد کرنا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ایک وفد جلد ہی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرے گا تاکہ مطالبات پر زور دیا جا سکے۔
یہ اقدام تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں کے مسلم سرکاری ملازمین بشمول اساتذہ، کنٹریکٹ ورکرس اور پبلک سیکٹر کے اداروں کے ملازمین کو قبل از وقت چھٹی دینے کے حالیہ فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔
وزیراعلی این چندرابابو نائیڈو کی قیادت والی آندھرا پردیش حکومت اور تلنگانہ حکومت نے افطار کے لیے مسلم ملازمین کو جلد چھٹی کی اجازت دینے کے سرکاری احکامات جاری کیے ہیں۔ اس حکم کا اطلاق رمضان کے مقدس مہینے میں ہوگا، مسلم ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل اپنے دفاتر سے نکلنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے گھروں پر افطار کرسکیں۔