[]
نئی دہلی: اگست کے مہینے میں یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) کے ذریعہ 15.76 لاکھ کروڑ روپے کے 10.58 ارب لین دین ہوئے ہیں۔
نیشنل پیمنٹ کارپوریشن آف انڈیا کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اگست 2022 کے مقابلے اس سال اگست میں لین دین کی تعداد میں 61 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ اس کے ذریعہ کی جانے والی ادائیگیوں میں اس عرصے کے دوران 47 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اس سال جولائی کے مہینے میں 9.96 ارب لین دین اور 15.34 لاکھ کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ جون 2023 میں 9.34 ارب لین دین اور 14.75 لاکھ کروڑ روپے کی ادائیگیاں ہوئی تھیں۔
اس کو غیر معمولی خبر بتاتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں یو پی آئی لین دین میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لوگوں کی طرف سے ڈیجیٹل ترقی کو اپنانے کا مظاہرہ ہے۔وزیر مواصلات اشونی ویشنو نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں نے ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ اگست میں یو پی آئی کے ذریعہ ادائیگیاں 10 ارب سے تجاوز کرگئی ہیں۔