مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اسرائیل کی طرف سے لبنانی شہریوں کو لے جانے والے مسافر طیارے کی معمول کی پروازوں میں خلل ڈالنے کی دھمکی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قابض رژیم کا یہ اقدام لبنان کی قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) سے سنجیدہ کارروائی کا مطالبہ کیا تا کہ قومی ہوا بازی کی سکیورٹی کے خلاف اسرائیل کے خطرناک اقدام کو روکا جا سکے۔
جمعرات کو بیروت حکام نے لبنانی زائرین کو لے جانے والے ایرانی طیارے کی پرواز کی اجازت منسوخ کردی جس پر عوام نے احتجاج کرتے ہوئے رفیق حریری ایئرپورٹ جانے والی اہم شاہراہ مکمل طور پر بند کر دی۔
مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ دیگر پروازوں کی طرح ایرانی پرواز کو بھی ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت دی جائے۔
واضح رہے کہ لبنان پر مسلط نئی کٹھ پتلی حکومت ملک کی مزاحمت کے خلاف واشنگٹن اور تل ابیب سے ڈکٹیشن لے رہی ہے جو اس ملک میں خانہ جنگی کا باعث بن سکتی ہے۔