مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ خطے میں اسرائیل کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ ایجنڈے کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقائی ممالک کے درمیان اتحاد ہی “واحد راستہ” ہے۔
انہوں نے تہران میں عمان کی مسلح افواج کے سربراہ ایڈمرل عبداللہ خامس الریسی سے ملاقات کے دوران علاقائی تعاون پر زور دیا۔
جنرل باقری نے تہران اور مسقط کے درمیان دیرینہ دوستی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے۔
انہوں نے عمان کو سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے “میری ٹائم سکیورٹی بیلٹ” بحری مشق میں شرکت کی دعوت دی۔
اس دوران عمان کے ایڈمرل الرئیسی نے کہا کہ ایران اور عمان کے تعلقات باہمی اعتماد پر استوار ہیں۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عمان کے عزم کا اعادہ کیا اور عسکری اور سکیورٹی امور میں دوطرفہ تعان پر زور دیا۔
دونوں عسکری اعلی عہدیداروں نے خطے میں اسرائیل کی جارحیت، خاص طور پر غزہ میں فلسطینیوں کو ان کے آبائی وطن سے زبردستی بے گھر کرنے کے منصوبے کی مذمت کی۔