امت شاہ نے کہا کہ ’’ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) اور تمام بینکوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کر کے مکھوٹا اکاؤنٹس کی شناخت کے لیے آرٹیفیشیل انٹیلی جنس (اے آئی) کا استعمال کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔‘‘
![امت شاہ / یو این آئی](https://media.assettype.com/qaumiawaz%2F2023-04%2Fca2f027d-7791-4ce0-a6f9-92211c5b2dfb%2F18NOV49U.jpg?rect=0%2C0%2C3149%2C1771&auto=format%2Ccompress&fmt=webp)
![امت شاہ / یو این آئی](https://media.assettype.com/qaumiawaz%2F2023-04%2Fca2f027d-7791-4ce0-a6f9-92211c5b2dfb%2F18NOV49U.jpg?rect=0%2C0%2C3149%2C1771&auto=format%2Ccompress&fmt=webp&w=1200)
سائبر کرائم کو روکنے کے لیے مرکزی حکومت بڑا قدم اٹھانے جا رہی ہے۔ دراصل حکومت سائبر فراڈ میں استعمال ہونے والے ’مکھوٹا اکاؤنٹس‘ کی پہچان کے لیے اے آئی تکنیک کا استعمال کرنے پر غور و خوض کر رہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہ جانکاری دی۔ وزارت داخلہ کی پارلیمانی مشاورتی کمیٹی نے پیر کو ’سائبر سیکورٹی اور سائبر کرائم‘ کے موضوع پر ایک میٹنگ منعقد کی جس کی صدارت امت شاہ نے کی۔ اس دوران امت شاہ نے بتایا کہ انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر (آئی 4 سی) کی سفارشات کی بنیاد پر 805 ایپ اور 3266 ویب سائٹ لنک بلاک کیے گئے ہیں۔
امت شاہ نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ 399 بینک اور مالیاتی ثالثوں کے ساتھ 6 لاکھ سے زیادہ مشکوک ڈیٹا پوائنٹس شیئر کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی 19 لاکھ سے زائد مکھوٹا اکاؤنٹس یا میول اکاؤنٹس پکڑے گئے ہیں اور 2038 کروڑ روپے کی مشکوک لین دین کو بلاک کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں امت شاہ نے بتایا کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) اور تمام بینکوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کر کے مکھوٹا اکاؤنٹس کی شناخت کے لیے آرٹیفیشیل انٹیلی جنس (اے آئی) کا استعمال کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق حکومت یہ یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ مکھوٹا اکاؤنٹس فعال ہونے سے قبل ہی بند ہو جائیں۔ ’مکھوٹا اکاؤنٹس‘ وہ بینک اکاؤنٹ ہوتا ہے جس کا استعمال مجرم سائبر فراڈ سے حاصل کیے گئے پیسوں کو منتقل کرنے میں کرتے ہیں۔ ساتھ ہی حکومت لوگوں کو سائبر کرائم کے حوالے سے آگاہ بھی کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں وزارت داخلہ نے ہندوستان کو سائبرسے محفوظ ملک بنانے کی سمت میں کئی اہم اقدام اٹھائے ہیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق آج ملک کے 95 فیصد گاؤں ڈیجیٹل طور پر منسلک ہیں، جب کہ ایک لاکھ گرام پنچایتیں وائی فائی ہاٹ اسپاٹ سے لیس ہیں۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ’’گزشتہ 10 سالوں میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 4.5 گنا اضافہ ہوا ہے اور 2024 میں یو پی آئی سے 17.221 لاکھ کروڑ روپے کا لین دین ہوا ہے۔‘‘ نیز، امت شاہ نے کہا کہ 2024 میں عالمی ڈیجیٹل لین دین کا 48 فیصد ہندوستان میں ہوا اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کے لحاظ سے ہندوستان دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ 2023 میں مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں ڈیجیٹل معیشت کا حصہ تقریباً 32 لاکھ کروڑ روپے تھا جو 12 فیصد ہے، جب کہ اس مدت میں تقریباً 1.5 کروڑ ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ امت شاہ نے یہ بھی کہا کہ آج ہندوستان ڈیجیٹل منظرنامے کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے اور ڈیجیٹل معیشت ملک کی کُل معیشت میں 20 فیصد کا تعاون دیتی ہے۔ اخیر میں امت شاہ نے زور دے کر کہا کہ وزارت داخلہ کا مقصد ہے کہ ملک میں سائبر کرائم کا کئی معاملہ نہ ہو۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔