مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آذربائیجان کے صدر کے معاون حکمت حاجیاف سے ملاقات میں کہا کہ ایران اور آذربائیجان کے تعلقات محض ہمسایگی پر نہیں بلکہ برادرانہ اور خاندانی رشتوں پر بھی مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی، ثقافتی، دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور نقل و حمل کے شعبوں میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے علاقائی سالمیت کو ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی سرحدوں میں کسی قسم کی تبدیلی قابل قبول نہیں۔ بیرونی طاقتوں کی بعض نقل و حرکت سے خطے کے ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔
صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے اور امت مسلمہ کی طاقت بڑھانے کا خواہاں ہے۔ مسلمانوں کے درمیان اختلافات سے دشمنوں کو مداخلت اور تفرقہ پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے، اس لیے اندرونی یکجہتی کے ساتھ اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔
اس موقع پر آذربائیجان کے صدر کے معاون برائے خارجہ پالیسی حکمت حاجیاف نے اسلامی انقلاب کی 46ویں سالگرہ کی مناسبت سے مبارک باد دی۔
انہوں نے کہا کہ ایران آذربائیجان کا برادر اور قریبی دوست ملک ہے۔ ہم دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے آذربائیجان کے صدر کی جانب سے صدر پزشکیان کو دورۂ آذربائیجان کی دعوت دی اور کہا کہ آذربائیجان کے عوام ایرانی صدر کے استقبال کے منتظر ہیں۔