مسلم ممالک کے درمیان مضبوط اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے تہران میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمود المشہدانی کے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

صدر پزشکیان نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کی مضبوطی کو موجودہ عالمی حالات کی اہم ترین ضرورت  قرار دیا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ تفرقہ انگیزی یقینی طور پر مسلم امہ کی کمزوری اور بے عملی کا سبب بنتی ہے، لہذا داخلی تنازعات کو ہوا دینا کسی طور درست نہیں ہے۔

 انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر مسلم ممالک اپنی قوموں کی معیشت اور سلامتی پر توجہ دیتے ہوئے داخلی اختلافات سے اجتناب کریں اور مشترکہ مقاصد کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ متحد ہوجائیں تو پھر دشمنوں کی سازشیں اور منصوبے کامیاب نہیں ہوں گے۔

ایرانی صدر نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت کے سلسلے میں عراق کے مضبوط اور ٹھوس مؤقف کو سراہا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور لبنان کی مدد کے سلسلے میں ہماری تجویز یہ ہے کہ اسلامی ممالک میں سے ہر ایک ان علاقوں کی تعمیر نو اور لوگوں کی واپسی کے لئے اپنی پوری کوشش کرے، کیونکہ غزہ اور لبنان کے مسلمان عوام کے درد اور تکلیف سے لاتعلقی ہماری دینی اور انسانی تعلیمات کے منافی ہے۔

اس ملاقات میں عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمود المشہدانی نے دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کے نفاذ کے سلسلے میں مشترکہ اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہیں۔ 

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ایران اور عراق کے مشترکہ موقف کو اصولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی محور نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران بعض ممتاز شخصیات کے کھو جانے کے باوجود بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس لیے موجودہ نازک حالات میں ملت اسلامیہ کے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پیش قدمی کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔

 ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *