آئین ہند کے 75سال کی تکمیل تلنگانہ جاگروتی اسٹوڈنٹ فیڈریشن کی جانب سے 26جنوری کو سمینار
رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا کلیدی خطبہ دیں گی
حیدرآباد: آئین ہند کے 75سال کی تکمیل کے پرمسرت موقع پر تلنگانہ جاگروتی اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے زیراہتمام 26جنوری کو حیدرآباد کے تلنگانہ سرسوتھاپریشد میں ایک سمینار کا انعقاد عمل میں آئے گا۔سمینار میں صدر تلنگانہ جاگروتی ورکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا کلیدی خطبہ دیں گی۔اس سمینار کے انعقاد کا منشا ومقصد آئین کا نفاذ ‘ چیلنجس اور موجودہ دور میں اس کی اہمیت وافادیت پر با معنی مکالمہ کو فروغ دیناہے۔سمینار میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ریسرچ اسکالرس قائدین اور طلبہ شرکت کریں گے۔
آج سمینار کے پوسٹر کا بعنوان ”گناتنترا بھارت‘جاگروتا بھارت “کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔تلنگانہ جاگروتی کی قیادت میں آئین کے بنیادی اصولوں کو دوبارہ سمجھنے کی اہمیت پر زوردیاگیا۔علاوہ ازیں آئین کے فوائد تمام شہریوں بالخصوص پسماندہ طبقات تک پہنچانے کےلئے اجتماعی کوششوں کو ناگزیر قراردیاگیا۔یہ سمینار مختلف مکتب فکر کے افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گا تاکہ وہ آئین کے تحت دیئے گئے حقوق کے نفاذ میں موجودہ چیلنجس ‘آئینی اقدار کی برقراری میں عدلیہ کے کردار اور خواتین واقلیتی گروپوں کو ان کے حقوق کے حصول میں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کرسکیں ۔علاوہ ازیں سمینار میں جمہوریت کے استحکام اور شفافیت کےلئے ضروری اصلاحات ‘انتخابات اور آئینی جمہوریت ‘موجودہ حکومتوں کا آئینی اقدار کے تئیں رویہ اور ذات پات کی مردم شماری ‘اس کے اثرات جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوگی۔تلنگانہ جاگروتی اسٹوڈنٹ فیڈریشن نے طلبہ‘ ریسرچ اسکالرس اور آئینی ماہرین سے اس اہمیت کے حامل پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔