[]
24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں، ملک کو معلوم ہوا کہ بینک آف بڑودہ نے ‘تکنیکی وجوہات’ کی وجہ سےسنی دیول کے گھر کی نیلامی کا نوٹس واپس لے لیا ہے۔
کانگریس رہنما جے رام رمیش نے فلم اداکار اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ سنی دیول کے گھر کی ای نیلامی پر طنز کیا۔ اس معاملے پر انہوں نے ٹویٹ کیا کہ کل ملک کو پتہ چلا کہ ان کا گھر نیلام ہونے والا ہے اور 24 گھنٹے کے اندر بینک نے نیلامی کا نوٹس بھی واپس لے لیا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا، “کل دوپہر، ملک کو معلوم ہوا کہ بینک آف بڑودہ نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سنی دیول کی جوہو رہائش گاہ کو ای نیلامی کے لیے رکھا ہے کیونکہ انہوں نے بینک کو 56 کروڑ روپے واپس نہیں کیے ہیں۔ آج صبح، 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں، ملک کو معلوم ہوا کہ بینک آف بڑودہ نے ‘تکنیکی وجوہات’ کی وجہ سے نیلامی کا نوٹس واپس لے لیا ہے۔ حیرت ہے کہ ان ‘تکنیکی وجوہات’ کی وجہ کون ہے؟‘‘
نیوز پورٹل’ اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق سنی دیول کے ولا کی نیلامی کے لیے ہفتہ یعنی19 اگست کو بینک آف بڑودہ نے نوٹس جاری کیا تھا۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنی نے بینک سے بھاری رقم کا قرض لیا تھا۔ یہ قرض لینے کے لیے اس نے ممبئی کے جوہو میں سنی ولا کو گروی رکھا تھا جس کے لیے انھیں تقریباً 56 کروڑ روپے ادا کرنے تھے۔ قرض اور اس کے سود کی وصولی کے لیے، بینک نے جائیداد نیلام کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک اشتہار دیا۔
اشتہار کے مطابق سنی ولا کی نیلامی 25 ستمبر کو ہونی تھی۔ اکنامک ٹائمز کے مطابق اب بینک نے اس معاملے پر یو ٹرن لے لیا ہے۔ بینک آف بڑودہ نے اپنا ای نیلامی نوٹس واپس لینے کی تکنیکی وجہ بتائی ہے۔ بینک نے اپنے بیان میں کہا کہ اجے سنگھ دیول کے سیل نیلامی نوٹس کے سلسلے میں، تکنیکی وجوہات کی بنا پر ای-آکشن نوٹس واپس لے لیا گیا ہے۔ اب ان کا بنگلہ نیلام نہیں ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔