فلسطینی عوام کا جذبہ اور ان کی مزاحمت ناقابلِ شکست ہے، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں 460 دنوں سے اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور اہل فلسطین نے ثابت کیا کہ وہ حق اور انصاف کے لیے لڑنے والے ہیں کبھی نہیں جھکیں گے، فلسطینی عوام کا جذبہ اور ان کی مزاحمت ناقابلِ شکست ہے، عالمی برادری ظلم کے خلاف آواز اٹھائے اور غزہ کے عوام کے لیے عملی اقدامات کرے، اسرائیل نے غزہ پر بلااشتعال بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور وحشیانہ حملوں میں شب وروز نوزائیدہ بچوں، خواتین، بزرگوں سمیت ہزاروں معصوم فلسطینی شہید ہو رہے ہیں، اس سنگین صورتحال پر اقوام متحدہ، امریکہ، اسلامی کانفرنس، عرب لیگ اور یورپ آنکھیں بند کیئے ہوئے ہیں، اسرائیل نے اسپتالوں پر بھی بمباری کر کے معصوم شہریوں کو شہید کر دیا ہے کوئی ہسپتال ورکنگ حالت میں نہیں رہا، غذائی قلت اور شدید سردی سے بچے زندگی کی بازی ہار رہے ہیں، اس صورتحال میں امریکہ جو کہ خود کو انسانی حقوق کا عالمی چیمپئن کہتا ہے، بالکل خاموش ہے، حقیقت میں امریکہ، یورپ و اقوام متحدہ صرف اور صرف مسلمانوں کو زیر نگیں کرنے کیلئے انسانی حقوق، خواتین کے حقوق، آزادی اظہار اور دیگر الفاظ کا سہارا لیکر اپنے مفادات حاصل کرتے ہیں، اب غزہ پر بمباری کے معاملے میں چپ سادھنے پر کونسا جواز پیش کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے شام اور عراق کے معاملے میں راتوں رات ایسے فیصلے کئے جس سے مسلمانوں پر تسلط قائم کیا جا سکے مگر اسرائیل کی درندگی اور سفاکیت پر ایسی گہری خاموشی اختیار کر رکھی ہے جیسے غزہ میں کچھ ہوا ہی نہ ہو، فلسطین و کشمیر کے معاملے میں امریکہ، یورپ اور اقوام متحدہ سمیت تمام اسلام مخالف قوتیں بے نقاب ہو چکی ہیں، افسوسناک امر یہ ہے کہ غزہ کی سنگین صورتحال پر اسلامی ممالک نے بھی استعماری قوتوں کی طرح مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے، امریکہ اسرائیل کی ہر لحاظ سے مدد کر رہا ہے اور اپنے اسلحے اور خزانے کے منہ اس پر کھول رکھے ہیں، ناجائز صہیونی ریاست کسی عالمی قانون یا انسانی حقوق کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کھلم کھلا جارحیت کر رہی ہے اور کسی بھی دوسرے ملک کی سلامتی اور جغرافیائی حدود کی سنگین خلاف ورزی کرنے سے باز نہیں آ رہی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *