حیدرآباد میں کل ہند صنعتی نمائش کا شاندار آغاز 

حیدرآباد: شہر حیدرآباد میں کل ہند صنعتی نمائش کا شاندار افتتاح جمعہ کی شام کیا گیا۔ ریاستی وزراء سریدھر بابو اور پونم پربھاکر نے دیگر معزز شخصیات کے ہمراہ اس سالانہ ثقافتی اور تجارتی ایونٹ کا آغاز کیا۔

 

1938 میں حضور نظام کے دور میں شروع ہونے والی اس نمائش کا مقصد مختلف ریاستوں اور اضلاع کے ثقافتی ورثہ، دستکاری اور تجارتی مصنوعات کو ایک پلیٹ فارم پر پیش کرنا تھا۔ آج یہ نمائش نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ اور آندھراپردیش سمیت ملک کے مختلف حصوں کے لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بن چکی ہے۔

 

نمائش سوسائٹی نے سیاحوں کی سہولت کے لیے گاندھی بھون گیٹ، اجنتا گیٹ، اور گوشہ محل گیٹ کے ذریعو داخلہ کی سہولت فراہم کی ہے۔ یہاں آنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے‌نصب‌کئے گئے ہیں ساتھ ہی سیکورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

 

نمائش میں جموں و کشمیر کے مشہور خشک میوہ جات اور دستکاری کی اشیاء،اتر پردیش، مدھیہ پردیش، اور مغربی بنگال کی اعلیٰ معیار کی دستکاری مصنوعات، ملک کے بہترین برانڈس کے الکٹرانک سامان اور جدید اسٹالس،روزمرہ ضروریات سے لے کر منفرد اشیاء تک ہر قسم کی مصنوعات یہاں دستیاب رہیں گی۔

 

منتظمین کے مطابق نمائش روزانہ شام 4 بجے سے رات 10:30 بجے تک جاری رہے گی جبکہ اختتام ہفتہ اور تعطیلات پر اس کے اوقات رات 11 بجے تک بڑھا دیے جائیں گے۔  یہ نمائش نہ صرف تجارتی مواقع فراہم کرتی ہے بلکہ مختلف ثقافتوں کو ایک جگہ پر پیش کرکے اتحاد اور بھائی چارے کی مثال قائم کرتی ہے۔

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *