حیدرآباد: تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں آج سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں آج ایک دن کیلئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
اس دوران تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ حیدر آباد فینانشیل ڈسٹرکٹ میں سابق وزیر اعظم کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ یہ اعلان چیف منسٹر نے پیر کے روز کیا اور ساتھ ہی اس سلسلے میں اراکین اسمبلی سے مشورہ بھی طلب کیا ہے۔آج تلنگانہ اسمبلی میں آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اسمبلی اسپیکر جی پرساد کمار کی طرف سے صبح 10 بجے اسمبلی کی کارروائی شروع کرنے کے فوراً بعد ریونت ریڈی نے منموہن سنگھ کے انتقال پر اظہارِ غم کیا۔ ساتھ ہی ریڈی نے 2014 میں نئی ریاست کی شکل میں تلنگانہ کی تشکیل میں منموہن سنگھ کے کردار کے لیے شکریہ ادا کیا۔