کھمم کے محلہ رمنا گٹہ، رحمت نگر کی رہائشی مزدور پیشہ شیخ اللہ بخش کی بیٹی کی شادی 28 دسمبر کو انجام پائی۔
لڑکی کے والد نے عوام ہند ویلفیئر اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ محمد جواد احمد سے درخواست کی کہ وہ اس نیک موقع پر الماری عطیہ کریں۔ حافظ محمد جواد احمد نے اس درخواست کو فوری قبول کرتے ہوئے شادی کے لیے ڈبل ڈور الماری عطیہ کی۔
الماری کی حوالگی کے لیے منعقدہ تقریب میں کھمم کے مشہور ماہر اطفال ڈاکٹر کراپاٹی پردیپ کمار اور حافظ محمد جواد احمد نے لڑکی کے اہل خانہ کو الماری پیش کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر پردیپ نے کہا کہ غریب اور مستحق افراد کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق اللہ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور ایسے اقدامات ہمارے معاشرے کو مضبوطی اور یکجہتی فراہم کرتے ہیں۔
ڈاکٹر پردیپ نے کھمم کے ڈاکٹروں اور صاحب ثروت افراد سے اپیل کی کہ وہ غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے حافظ محمد جواد احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حافظ صاحب نہ صرف کھمم بلکہ تلنگانہ بھر کے لیے ایک قابل تقلید شخصیت ہیں۔ وہ ایک بہترین امام اور خطیب ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی اور فلاحی کاموں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔
حافظ جواد احمد نے اپنی تنظیم کے ذریعے تمام مذاہب کے ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے غیر متعصبانہ رویہ اپنایا ہے اور اپنی صحافتی خدمات کے ذریعے غریبوں کے مسائل حکومت تک پہنچانے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی یہ خدمات یقیناً معاشرے میں امید اور اتحاد کی علامت ہیں۔