[]
آگرہ: اتر پردیش میں آگرہ کے کھنڈولی علاقے میں یمنا ایکسپریس وے پر پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آئے ایک حادثے میں چارافراد کی موت ہو گئی جبکہ ایک کی حالت نازک ہے۔
حادثے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دی ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یمنا ایکسپریس وے کے 161 ویں کلومیٹر پر رات تقریباً 1.30 بجے ایک ٹرک اور ایک کینٹر کے درمیان ٹکر ہوئی، جس کی وجہ سے کینٹر گاڑی ایکسپریس وے کے درمیان میں آکر رک گئی۔
اس دوران پیچھے سے آنے والی کار رکی اور مسافر نیچے اتر کر کنٹر کار کے ڈرائیور اور کلینر کی خیریت پوچھنے لگے۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی ایک اور کار نے سڑک پر کھڑے لوگوں کو کچل دیا۔
چار افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ ٹرک اور ٹینکر کے درمیان ٹکر کی وجہ سے آگرہ سے نوئیڈا جانے والی سڑک بند ہو گئی تھی۔
راستے میں ٹینکر اور ٹرک کھڑے ہونے پر پیچھے سے آنے والی کار کے ڈرائیور نے بریک لگائی۔
کار سے چار لوگ نیچے اترے اور ٹرک میں پھنسے لوگوں کی مدد کے لیے پہنچے۔
اسی دوران آگرہ سے نوئیڈا کی طرف آرہی ایک تیز رفتار کار نے کار میں سوار لوگوں کو ٹکر مار دی جو ٹرک ڈرائیور کو نکالنے کے لیے کھڑے تھے۔