[]
نکاح کے ذریعے نسلوں اور خاندانوں کا وجود قائم ہوتا ہے۔ شوہر اور بیوی کو چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھتے ہوئے اسوہ رسول اکرم ﷺ کے مطابق اپنی زندگی گزاریں۔ موجودہ حالات میں نکاح کو آسان بنانے کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔
مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم کھمم کے احاطے میں موجود مسجد عزیز ملت میں منعقدہ نکاح کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی سید صدیق صاحب مظاہری، صدر مفتی دارالعلوم نلگنڈہ، نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نکاح کو نسلوں کی بقا اور خاندانوں کی پہچان کا ذریعہ بنایا ہے۔ نکاح کو سنت نبوی کے مطابق انجام دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوہر اور بیوی کو باہمی محبت، الفت اور ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیے۔
انہوں نے نکاح کے انتخاب میں دینداری کو ترجیح دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شوہر پر بیوی کے حقوق اور بیوی پر شوہر کے حقوق ادا کرنا لازم ہے۔ ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنانے کے لیے باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کو ضروری قرار دیا۔ رسول اکرم ﷺ کی ازواجِ مطہرات کے ساتھ محبت، خیرخواہی اور حسنِ سلوک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے امت کو بھی یہی تعلیم دی کہ وہ اپنی بیویوں کے ساتھ اچھے اخلاق اور نرمی سے پیش آئیں۔
مفتی صاحب نے موجودہ دور میں طلاق اور خلع کے بڑھتے ہوئے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معمولی باتوں پر صبر و تحمل اختیار کرنا چاہیے تاکہ ازدواجی زندگی خوشگوار بن سکے۔
اس موقع پر مولانا ارشد قاسمی، سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ حیدرآباد، نے بھی نکاح کی مجلس سے خطاب کیا۔ نکاح کی تقریب میں کھمم کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ، کھمم کلکٹر مذمل خان، کھمم پولیس کمشنر سنیل دتھ، ضلع کے علماء و حفاظ، اور سریا پیٹ، نلگنڈہ، و رنگل کے علماء کرام سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اختتام پر مولانا اکبر صاحب، ناظم مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھرا پردیش، نے دعا کروائی جبکہ حافظ محمد جواد احمد امام و خطیب مسجد زین العابدین مرکز کھمم نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔