بہار میں این ڈی اے کے واحد مسلم رکن پارلیمنٹ محبوب علی قیصر، آر جے ڈی میں شامل

[]

پٹنہ: ایل جے پی رکن پارلیمنٹ محبوب علی قیصر اتوار کے دن آرجے ڈی میں شامل ہوگئے۔ وہ بہار میں بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے سے لوک سبھا کیلئے منتخب واحد مسلم قائد تھے۔

ایل جے پی میں پھوٹ پڑنے کے بعد انہوں نے سابق مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس کا ساتھ دیاتھا۔ انہیں صلح صفائی کی کوششوں کے باوجود چراغ پاسوان نے اس بار ٹکٹ نہیں دیا۔

وہ تیجسوی یادو کی موجودگی میں آرجے ڈی میں شامل ہوگئے۔ تیجسوی نے کہا کہ قیصر صاحب‘ پارٹی صدرلالوپرسادجی سے ملاقات کے بعد ہماری پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ ہمیں ان کے تجربہ سے فائدہ ہوگا۔ یہ پیشرفت دستور کے تحفظ کیلئے ہماری لڑائی کے حق میں مضبوط پیام بھیجے گی۔

ضلع سہرسہ میں سابق دیسی ریاست سمڑی بختیارپور پرحکومت کرنے والے خاندان میں پیدا ہونے والے محبوب علی قیصر نے اپنا سیاسی کیرئیر کانگریس کے ساتھ شروع کیاتھا۔ وہ 2013ء تک بہار پردیش کانگریس کے صدر تھے۔

2014ء میں وہ ایل جے پی میں شامل ہوگئے تھے اور انہوں نے کھگڑیہ کی نشست جیتی تھی جسے انہوں نے 5 سال بعد برقراررکھاتھا۔

اس وقت کے ایل جے پی صدرچراغ پاسوان سے ان کے تعلقات اس وقت خراب ہونے لگے جب 2020ء کے اسمبلی الیکشن میں ان کے بیٹے یوسف صلاح الدین کوٹکٹ نہیں دیاگیا۔ یوسف صلاح الدین نے آرجے ڈی ٹکٹ پرالیکشن لڑکرسمڑی بختیار پور کی نشست جیتی تھی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *