[]
حیدرآباد۔ ضلع کومرم بھیم میں دو افراد کو ہلاک کرتے ہوئے دہشت مچادینے والے ہاتھی کو بالآخر ریاست مہاراشٹرا واپس بھجوادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں یہ ہاتھی مہاراشٹر سے عادل آباد کے جنگلات میں داخل ہوا اور اس نے سرحدی علاقوں میں دہشت مچادی تھی۔ اس ہاتھی کے حملہ میں دو افراد کی موت ہوگئی جن کی شناخت الوری شنکر اورپوشنا کے طورپر کی گئی ہے۔ ہاتھی کے حملہ کے بعد مقامی افراد خوفزدہ ہوگئے تھے اورانھوں نے محکمہ جنگلات کے حکام سے اس ہاتھی کو پکڑنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد حکام حرکت میں آگئے۔
مہاراشٹرا کی ایک ٹیم کے ساتھ ضلع کے محکمہ جنگلات کی تین ٹیموں نے تھرمل ڈرون کی مدد سے ہاتھی کی تلاش کا کام شروع کیا۔ مقامی افراد نے جمعہ کی صبح ایک مقام پر ہاتھی کو دیکھنے کا دعویٰ کیا جس کے بعد حکام نے ہاتھی کو مہاراشٹرا کے جنگلات منتقل کرنے کا آپریشن شروع کیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا اورہاتھی مہاراشٹرا کے جنگلاتی علاقہ میں داخل ہوگیا۔
ہاتھی کے ضلع آصف آباد سے چلے جانے پر مقامی افراد نے راحت کی سانس لی۔