کھمم میں تبلیغی جماعت کے دو روزہ اجتماع کا اختتام

کھمم کے جدید عیدگاہ گلہ گوڑم میں تبلیغی اجتماع منعقد ہوا، جس میں نظام الدین دہلی مرکز کے اکابر علمائے کرام نے مسلمانوں کو دعوت الی اللہ کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ علما نے کہا کہ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اچھائیوں کو عام کرے اور برائیوں سے روکے، کیونکہ یہی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کا مشن تھا۔  علمائے کرام نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو خیر امت کا لقب دیا ہے کیونکہ اس امت کو نیکی کا حکم دینے اور برائی سے روکنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ دور حاضر میں مسلمانوں کی سب سے بڑی کوتاہی یہ ہے کہ انہوں نے دعوت کے کام کو ترک کر دیا ہے، جو کہ موجودہ مشکلات اور آزمائشوں کی ایک بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو اپنی زندگی میں مکمل دین کو اختیار کرنا چاہیے اور دوسروں تک بھی دین کی دعوت پہنچانی چاہیے۔

 

تبلیغی اجتماع میں کھمم اور ورنگل اضلاع سے 25 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اللہ کے راستے میں چار ماہ اور چالیس دن کے لیے کئی جماعتیں ملک اور بیرون ملک روانہ ہوئیں۔ کھمم کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے اجتماع گاہ پہنچ کر عوام اور ذمے داران سے ملاقات کی اور اجتماع کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔ سابق وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار نے بھی اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

اجتماع کا اختتام جمعہ سے قبل ایک رقت انگیز دعا کے ساتھ ہوا، جس کے بعد جدید عیدگاہ گلہ گوڑم میں ہی نماز جمعہ ادا کی گئی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *