[]
راجکوٹ: آر اشون نے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں جمعہ کو جیک کرولی کو آؤٹ کر کے 500 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر لیں۔
اس وکٹ کے ساتھ ہی اشون یہ کارنامہ انجام دینے والے نویں اور دوسرے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔ 37 سالہ آف اسپنر 98 ویں ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے بولر ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نومبر 2011 میں ڈیبیو کرنے والے اشون نے گھریلو سرزمین پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پچھلی دہائی میں اشون نے 34 بار پانچ وکٹ اور آٹھ میچوں میں دس یا اس سے زیادہ وکٹ لیے ہیں۔
کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کی طرف سے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں اشون سے صرف انیل کمبلے آگے ہیں۔ کمبلے کے نام 619 وکٹیں ہیں۔ اشون متھیا مرلی دھرن اور نیتھن لیون کے ساتھ یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے آف اسپنر ہیں۔
اشون کا 500واں وکٹ اس سیریز کی پانچویں اننگز میں ان کا 10واں وکٹ تھا۔ حیدرآباد میں پہلے ٹیسٹ میں انہوں نے پہلی اننگز میں 68 رن پر تین وکٹ اور دوسری اننگز میں 126 رن پر تین وکٹیں حاصل کیں۔ وشاکھاپٹنم کی پہلی اننگز میں انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی تھی لیکن دوسری اننگز میں انہوں نے 72 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔