اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری، 133 فلسطینی شہید

[]

تل ابیب: اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا گیا جب کہ غزہ میں بمباری میں 130 افراد کو شہید کر دیا گیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر تلکرم کے قریب نور شمس پناہ گزین کیمپ پر چھاپے کے دوران ایک گھر کا گھیراؤ کرکے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ایک گھر پر چھاپے کے دوران ایک مسلح شخص نے فوجیوں پر فائرنگ کردی جسے جوابی فائرنگ میں ہلاک کردیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ گھر میں موجود دو دیگر مسلح افراد سے 4 گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا جس کے دوران دونوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ اس طرح مرنے والوں کی تعداد 3 ہوگئی۔

فلسطینی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جن دو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا وہ گھر کے اندر موجود نہیں تھے ان کی لاشیں گھر سے باہر سے ملی ہیں۔ اسرائیل نے اس گھر پر میزائل داغے اور جاتے ہوئے گھر کے بڑے حصے کو منہدم کر دیا۔

واضح رہے کہ مغربی کنارے میں واقع اقوامِ متحدہ کی ایجنسی کے ساتھ رجسٹرڈ شدہ نور شمس کیمپ میں تقریباً 13 ہزار 519 فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کی غزہ اور رفح پر بربریت جاری ہے، 24 گھنٹوں میں 130 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 170 افراد زخمی ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *