[]
عادل آباد۔ سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے واضح کیا کہ عادل آباد کانگریس پارٹی قائد کندی سرینواس ریڈی کو رکن اسمبلی(یعنی میرے اوپر)اور میرے افراد خاندان کے خلاف لگائے گئے الزامات کو ثابت کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر کندی سرینواس ریڈی کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ دیا
۔جوگورامنا نے آج اپنے کیمپ آفس میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گذشتہ چند دنوں سے کندی سرینواس ریڈی کی جانب سے رکن اسمبلی جوگورامنا اور ان کے افراد پر لگائے گئے الزامات اور سخت تبصروں کا جواب دیتے ہوئے انہیں اوچھی حرکات سے باز آنے کا انتباہ دیا۔اور کندی سرینواس ریڈی پر غلط بیان بازی اور پروپیگنڈا کے ذریعے لوگوں کو مشتعل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی الزامات اور تبصروں کے خلاف وہ قانونی کارروائی کریں گے۔انہوں نے کندی سرینواس ریڈی کے تبصروں پر سخت تنقید کی۔ایم ایل اے جوگورامنا نے کہا کہ کندی سرینواس ریڈی جنہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے،
کم سے کم اخلاق اور ادب کے دائرے میں رہ کر بات کرتے،تاہم اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے سامنے والوں کو نیچا دکھانا اور الزام تراشیاں کرنا مناسب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں وہم ہے کہ اگر وہ ایم ایل اے کی سطح پر کسی شخص کے بارے میں متنازعہ بات کریں گے تو وہ بڑا لیڈر بن جائیں گے۔جوگورامنا نے اپنے اثاثوں کے بارے میں لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ الزامات کو ثبوت کے ساتھ ثابت کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان پر لگائے گئے الزامات عدالت میں ثابت ہو گئے تو وہ سیاست سے دوری اختیار کریں گے اور کسی بھی سزا کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر کندی سرینواس ریڈی مجھ پر لگائے ہوئے الزامات کو ثابت نہیں کر پائے تو وہ واپس امریکہ لوٹ جائیں۔ایم ایل اے نے کہا کہ حلقہ کے تمام لوگ ان کے اور ان کی سیاسی حیثیت کے بارے میں جانتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کندی سرینواس ریڈی کی جانب سے پیسے کا لالچ دکھا کر ان کے ووٹ خریدنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان پر لگائے گئے ذاتی الزامات پر ہتک عزت کے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں
۔انہوں نے کہا کہ بالواسطہ طور پر قتل کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے اور متعلقہ دیہات کے تھانوں میں شکایات درج کی جائیں گی۔انہوں نے کندی سرینواس ریڈی کو کم از کم شائستگی سے بات کرنے کا مشورہ دیا۔