[]
حیدرآباد: کھانا زندگی کے لیے ضروری ہے لیکن بعض اوقات یہی کھانا موت کا سبب بھی بن جاتا ہے جیسا کہ اس نوجوان کے ساتھ ہوا۔ یہ افسوسناک واقعہ محبوب نگر ضلع کے فاروق نگر منڈل میں پیش آیا ہے ۔ جیتندر نامی نوجوان کے گلے میں چکن کا ایک ٹکڑا پھنس گیا جس کی وجہ سے اس کی سانس رک گئی اور موت واقع ہو گئی۔
متوفی جیتندر کا تعلق جھاڑ کھنڈ سے بتایا جاتا ہے وہ ایلی کٹہ ویلیج میں اپنے دوست دھرمیندر کے ساتھ رہتا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے رات کے کھانے کے لیے چکن بنایا لیکن کھانے کے دوران چکن کا ایک ٹکڑا جیتندر کے گلے میں ایسا پھنسا کہ اس کی سانس رک گئی۔
نوجوان کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن دوران علاج وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق جیتندر کی موت گلے میں چکن کا ٹکڑا پھنس جانے کی وجہ سے ہی ہوئی ہے۔