کھرگے کو اپوزیشن کے وزیر اعظم کا امیدوار بنایا جائے: ممتابنرجی

[]

نئی دہلی: ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو کہا کہ انہوں نے اگلے عام انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو وزیر اعظم کے عہدے کے دعویدار کے طور پر پیش کئے جانے کی تجویز دی ہے تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ “اس عہدے کے لیے اپوزیشن کے پاس کوئی چہرہ نہیں ہے۔”

راجیہ سبھا چیئرمین کے تعلق سے کچھ ارکان کی طرف سے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں اداکاری کئے جانے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اسے ہلکی پھلکی بات سمجھ کر نظر انداز کیا جانا چاہئے یہ توہین کا معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اس کا ویڈیو نہ بنایا ہوتا تو کسی کو اس کے بارے میں خبر بھی نہیں ہوتی۔

بنرجی نے کہا کہ کھڑگے کو وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار بنانے کی ان کی تجویز کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سربراہ اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ بنرجی نے منگل کو یہاں اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد کی چوتھی میٹنگ میں حصہ لیا تھا۔

انہوں نے چہارشنبہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کی طرف سے یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انہوں نے کسی دلت کو وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تو انہوں نے جواب دیا، ‘ہاں، ہم نے یہ مطالبہ کیا تھا۔

(کانگریس صدر) کھڑگے جی کا نام ہم نے پیش کیا ہے۔ مسٹر کیجریوال نے ہمارا ساتھ دیا۔ لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ کی طرف سے کس کا نام ہے، اسی لیے یہ تجویز پیش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھڑگے جی کا نام ہوگا تو اچھا ہو گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا اس سے جنتا دل یونائیٹڈ کے لیڈر اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ناراض ہیں، تو انہوں نے کہا، “مجھے نہیں لگتا کہ کوئی اس سے ناراض ہے۔ مجھے اس بات کا علم نہیں ہے۔”



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *