نئی دہلی۔ برطانیہ میں ان دنوں ایک عجیب و غریب بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے جس کا تعلق موبائل فون سے ہے۔ اس بیماری میں موبائل کی گھنٹی بجتے ہی کچھ لوگوں کو بے چینی محسوس ہوتی ہے اور ان کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں 25 لاکھ سے زیادہ نوجوان اس بیماری کا شکار ہیں، جو موبائل کی گھنٹی سن کر گھبرا جاتے ہیں۔ اس بیماری کو ’کال اینگزائٹی‘ یا ’ٹیلی فوبیا‘ کہا جاتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس خوف کو دور کرنے کے لیے برطانیہ میں ایک خصوصی کورس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دراصل، ٹیلی فوبیا بنیادی طور پر ذہنی تناؤ کی ایک علامت ہے، جس میں متاثرہ افراد نہ تو کسی سے بات کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی فون اٹھانا چاہتے ہیں۔ اس تناؤ کی وجہ سے وہ تنہائی اختیار کر لیتے ہیں، اور جب موبائل فون بجتا ہے تو ان پر ایک گہرا خوف طاری ہو جاتا ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے برطانیہ کے لاکھوں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔
اس بیماری سے نمٹنے کے لیے برطانیہ میں علاج کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ناٹنگھم کالج میں خصوصی کوچنگ کلاسس کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اس بیماری سے نجات دلائی جا سکے۔ ان کلاسز میں طلبا کو سکھایا جا رہا ہے کہ فون پر بات کرنے کے دوران کس طرح کا برتاؤ کرنا چاہیے۔ اس سے ان کا حوصلہ بڑھ رہا ہے اور وہ ٹیلی فوبیا سے باہر آ کر لوگوں سے بات چیت کرنے میں آسانی محسوس کر رہے ہیں۔