[]
نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اداروں کا غلط استعمال کیا ہے اور اگلے عام انتخابات میں اس کی شکست یقینی نظر آرہی ہے، اس لیے بی جے پی صدر دھکا دیکر باہر کئے گئے پرانے ساتھیوں کو دوبارہ جوڑنے میں کام میں مصروف ہیں۔
کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن کی 26 سیاسی جماعتوں نے بی جے پی کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے ‘انڈیا’ اتحاد کے بینر تلے متحد ہوکر بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا عزم کیا ہے جس سے خوفزدہ ہوکر بی جے پی قیادت میں بے چینی بڑھ گئی ہے.
کھڑگے نے ٹویٹ کیا، “مجھے خوشی ہے کہ 26 پارٹیاں متحد ہو کر کام کرنے کے لیے بنگلورو میں موجود ہیں۔ ہم سب ملکر آج 11 ریاستوں میں حکومت میں ہیں۔ اکیلے بی جے پی کو 303 سیٹیں نہیں ملیں۔ اس نے اپنے اتحادیوں کے ووٹوں کا استعمال کیا اور اقتدار میں آئی اور پھر انہیں باہر پھینک دیا۔
انہوں نے کہا، ‘بی جے پی کے صدر اور ان کے لیڈر اپنے پرانے حلیفوں کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کے لیے ریاست در ریاست بھاگ رہے ہیں۔ انہیں ڈر ہے کہ جو اتحاد وہ یہاں دیکھ رہے ہیں وہ اگلے سال ان کی شکست کا باعث بنے گا۔
کھڑگے نے کہا، ‘ہر ادارے کو اپوزیشن کے خلاف ہتھیار بنایا جا رہا ہے۔ اس میٹنگ میں ہمارا مقصد اپنے لیے اقتدار حاصل کرنا نہیں ہے۔ یہ جمہوریت، سیکولرازم اور سماجی انصاف کے تحفظ کے لیے ہے۔ آئیے ہم ہندوستان کو ترقی، بہبود اور حقیقی جمہوریت کی راہ پر واپس لے جانے کا عزم کریں۔