
عادل آباد 29/اپریل (اردو لیکس)بزمِ کاروانِ ادب و ادارہ ادبِ اسلامی عادل آباد کے زیرِ اہتمام عادل آباد کے مشہور و معروف شاعر رحیم رہی کے دوسرے مجموعۂ کلام لہو لہو آرزو کی تقریبِ رسمِ اجراء کے موقع پر ایک عظیم الشان بین ریاستی مشاعرہ 2 مئی 2026 بروز ہفتہ رات 9 بجے وزڈم اسکول شانتی نگر نزد مسجد کوثر، عادل آباد میں زیرِ صدارت اُستاد الاساتذہ و معروف ادبی شخصیت
یوسف نرملی منعقد کیا جائے گا۔جبکہ رسمِ اجراء صدرِ مشاعرہ کے ہاتھوں انجام دی جائے گی۔اس عظیم الشان بین ریاستی مشاعرہ وِ رسمِ اجراء تقریب میں شیخ کلیم احمد ضلع اقلیتی بہبود آفیسر عادل آباد،عارف انصاری نائب صدر ادارہ ادب اسلامی ہند، اور کے۔ ایم۔ کوثر ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر بطورِ مہمانِ خصوصی اور تنویر احمد صاحب ڈائریکٹر ایجوکیشن حلقہ تلنگانہ اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کرینگے ۔مشاعرہ کے کنوینر شیخ افسر کرسپانڈنٹ وزڈم اسکول جبکہ نظامت کے فرائض عبدالرحیم ذاکر انجام دیں گے۔
مشاعرہ میں مختلف شہروں اور ریاستوں سے تعلق رکھنے والے شعراء کرام جن میں یوسف نرمل ،افضل خان افسر بھینسہ،عبدالکریم درویش واشم مہاراشٹر،جلال اکبر نظام آباد، ڈاکٹر واصف قمر بھینسہ اور دیگر شامل ہیں ۔مہمان شعراء کے علاوہ مقامی شعراء اکرام بھی
اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے۔اس موقع پر ہارون علی ماجد صدر بزم کاروان ادب اور مولانا عبد الرحیم ذاکر صدر ادارہ ادب اسلامی نے تمام اہلِ ذوق اور شعر و ادب سے دلچسپی رکھنے والے خواتین و حضرات سے اس ادبی محفل و مشاعرہ میں شرکت کی گزارش کی
۔۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لیے پردے کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔منتظمین کے مطابق یہ پروگرام عادل آباد کی ادبی سرگرمیوں میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگا اور شعر و ادب کے فروغ میں معاون بنے گا۔
