جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی ناکام، کئی صہیونی فوجی زخمی، گاڑیاں تباہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی لبنان میں اسلامی مزاحمت کے مجاہدین نے پہلے سے تیار کردہ کمین گاہوں اور گائیڈڈ میزائلوں کی مدد سے صہیونی فوج کی پیش قدمی کو ناکام بنا دیا۔

لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے جمعہ کی صبح جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں، جن میں کفرصیر، زبدین، النبطیہ الفوقا، کفرتبنیت، حاروف، الشرقیہ اور کفرجوز شامل ہیں، پر فضائی اور توپ خانے کے حملے کیے۔

اس سے قبل اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے جنوبی لبنان میں ایک انتہائی سنگین واقعہ پیش آنے کی خبر دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اسرائیلی فوج کے متعدد زخمی اہلکاروں کو علاقے سے منتقل کیا گیا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی دستے پر میزائل حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

دوسری جانب لبنانی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ مزاحمت کے پے در پے حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ صہیونی فوجیوں کے اجتماعات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ادھر حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کفرتبنیت-علی الطاہر کا علاقہ دشمن کی کسی بھی دراندازی کے سامنے ڈٹا رہے گا اور ہر قسم کی پیش قدمی کا مقابلہ کیا جائے گا۔

لبنانی ذرائع کے مطابق، النبطیہ کے دیہات میں رہائشی مکانات پر اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح جنوبی لبنان کے قصبے القطرانی پر صہیونی فضائی حملے میں دو افراد شہید اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *