امریکہ-ایران معاہدے کے اگلے ہی دن اسرائیل کی بمباری، لبنان میں 30 ہلاکتیں، مغربی ایشیا میں کشیدگی پھر بڑھ گئی

مغربی ایشیا میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر دستخط کے محض ایک دن بعد اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملے کرکے صورتحال کو ایک بار پھر کشیدہ بنا دیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی لبنان میں کئے گئے حملوں میں 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

 

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی کا نشانہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانے تھے اور آپریشن تاحال جاری ہے۔ فوج کے مطابق حزب اللہ کی سرگرمیوں سے اسرائیل کو لاحق خطرات کے پیش نظر یہ حملے کئے جا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

 

قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے میں لبنان کی صورتحال بھی شامل تھی، جس کے تحت اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ لبنان میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرکے مقبوضہ علاقوں سے انخلا کرے۔ تاہم اسرائیل اس شرط کی ابتدا ہی سے مخالفت کرتا رہا ہے۔

 

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ جب تک حزب اللہ سے درپیش خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہو جاتا، اسرائیلی فوج جنوبی لبنان سے واپس نہیں ہوگی۔ انہوں نے سرحدی علاقے میں تقریباً 10 کلومیٹر تک زیر قبضہ علاقوں سے انخلا نہ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

 

اس اعلان کے چند گھنٹوں بعد اسرائیلی حملوں میں شدت آنے سے خطے میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ اس تازہ صورتحال پر امریکہ اور ایران کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے لبنان کے چند افراد

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *