کشیدگی میں کمی اور امریکہ کے ساتھ معاہدے میں قطر نے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا، صدر پزشکیان

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کے لیے قطر کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کے درمیان تعاون، یکجہتی اور باہمی حمایت خطے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کی بنیاد بن سکتی ہے۔

ایرانی ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر پزشکیان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران دوحہ کی ذمہ دارانہ کوششوں اور کشیدگی کم کرنے میں اس کے مؤثر کردار پر شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران ہمیشہ اسلامی ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے فروغ اور مسلم ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کی حمایت کرتا رہا ہے۔ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون اور یکجہتی ناگزیر ہے۔

مسعود پزشکیان نے قطر، پاکستان اور دیگر دوست و ہمسایہ ممالک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ممالک کی مخلصانہ حمایت اور کوششوں کے بغیر معاہدے کے لیے ضروری حالات پیدا کرنا آسان نہ تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلسل مذاکرات اور تعاون خطے میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ ہموار کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں پیدا ہونے والا نیا ماحول ایران، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ اسلامی دنیا میں اتحاد، یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔

اس موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر پزشکیان کے منصب سنبھالنے کے بعد سے قطر ایران کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بنانے، تناؤ کم کرنے اور مختلف مؤقفوں میں قربت پیدا کرنے کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

امیر قطر نے تہران اور دوحہ کے تعلقات کو مضبوط، اسٹریٹجک اور مشترکہ مفادات و مشترکہ تقدیر پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا ایک قیمتی موقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کریں گے۔

شیخ تمیم نے مزید کہا کہ اگرچہ خطے کے امن اور استحکام کے مخالف عناصر موجود ہیں، تاہم ایرانی عوام ہمیشہ اپنی قیادت اور حکام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ایک روشن اور ترقی یافتہ مستقبل کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قطر خطے کے استحکام، تعمیری اقدامات کی حمایت اور تمام فریقوں کے مفاد میں دیرپا معاہدے کے حصول کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *