طالبان مسئلہ کا حل بجرنگ بلی کا گدا۔ یوگی آدتیہ ناتھ کا اشتعال انگیز بیان

[]

الور(راجستھان): چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے اسرائیل۔غزہ جنگ اور راجستھان میں کانگریس بمقابلہ بی جے پی لڑائی کا تقابل کیا۔

راجستھان کے الور میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ غزہ میں طالبان کی ذہنیت کو کس طرح کچلا جارہا ہے۔ نشانہ پر ٹھیک ٹھیک ضرب لگائی جارہی ہے اور اسے کچلا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان مسئلہ کا حل بجرنگ بلی کا گدا ہے۔ راجستھان کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ انتشار، غنڈہ گردی اور دہشت گردی سماج کیلئے ایک شراپ (بددعا) ہیں۔ جب سیاست ان میں پھنس جاتی ہے تو اس کی وجہ سے مہذب سماج متاثر ہوتا ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سردار پٹیل نے کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ حصہ بنایا تھا لیکن کانگریس لیڈر جواہر لعل نہرو نے یہاں بھی مسائل پیدا کردیے جس کی وجہ سے دہشت گردی پھیلی۔ بعدازاں جب بی جے پی حکومت آئی تو وزیراعظم نریندرمودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے کشمیر کو مسائل سے پاک کردیا۔

وہاں سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے گئے۔ انہوں نے ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ پر حکومت راجستھان کو نشانہ تنقید بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں اگر کانگریس کامیاب ہوجاتی ہے تو بہنوں اور بیٹیوں کا استحصال کیا جائے گا کیونکہ یہ لوگ طالبانی ذہنیت رکھتے ہیں۔

قبل ازیں نریندرمودی نے بھی راجستھان کی کانگریس حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں خواتین اور دلتوں پر مظالم کے واقعات کی وجہ سے ریاست بدنام ہورہی ہے۔ لوگ چاہتے ہیں کہ جاریہ سال کے اواخر میں مقرر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی برسراقتدار آئے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *