[]
حیدرآباد: کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ روز نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ شہر کے سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلباء کیلئے جاریہ ماہ 6 اکتوبر سے صبح کے ناشتہ کا انتظام کریں۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر تمام سرکاری اسکولوں میں صبح کے ناشتہ کی (بریکفاسٹ) اسکیم شروع کی جارہی ہے۔
اس سلسلہ میں کمشنر رونالڈ روز نے آج ڈسٹرکٹ کلکٹر انودیپ دریشٹی‘ ایڈیشنل کمشنر اسنیہاسبارش اور زونل کمشنر کیساتھ آج ایک ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 6 اکتوبر سے تلنگانہ کے تمام سرکاری اسکولوں میں صبح کے ناشتہ کی اسکیم شروع کی جارہی ہے۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر ایک اسمبلی حلقہ میں محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے تعاون سے اسکولوں میں ناشتہ کا اہتمام کریں اور اس اسکیم کے افتتاحی پروگرام میں متعلقہ رکن اسمبلی‘ریاستی وزیر اور عوامی نمائندوں کو شرکت کیلئے مدعو کریں۔
انہوں نے حلقہ مشیرآباد‘ عنبر پیٹ‘ سکندرآباد‘ صنعت نگر‘بیگم پیٹ‘ لالہ گوڑہ‘ بنسی لال پیٹ‘ بھوئی گوڑہ‘ ویسٹ ماریڈ پلی‘ کنٹونمنٹ‘ کواڈی گوڑہ‘ وینگل راؤ نگر‘ ویسٹ بوئن پلی ودیگر علاقوں کے کسی ایک اسکول کا انتخاب کرکے اس میں صبح کے ناشتہ کی اسکیم کے افتتاح کی تقاریب منعقد کریں۔