
کینیڈا: شادی کی یادوں کو منفرد اور یادگار بنانے کے شوق میں بعض اوقات لوگ ایسے خطرناک تجربات کر بیٹھتے ہیں، جو خوشی کے لمحات کو غم میں بدل دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ کینیڈا میں پیش آیا، جہاں ایک انڈین نژاد جوڑے کی شادی کی شوٹنگ کے دوران خوفناک حادثہ پیش آیا۔
آج کل کے دور میں شادی کو یادگار بنانے کے لیے جوڑے مہنگے اور منفرد فوٹو شوٹس کا اہتمام کرتے ہیں۔ کچھ لوگ قدرتی مناظر میں شوٹنگ کو پسند کرتے ہیں، تو کچھ جدید ٹیکنالوجی اور اسپیشل ایفیکٹس کے ذریعے اپنی شادی کی ویڈیوز کو غیرمعمولی بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
کینیڈا میں مقیم ایک انڈین جوڑے نے بھی اپنی شادی کو یادگار بنانے کے لیے ایک خاص فوٹو شوٹ کا منصوبہ بنایا۔ انہوں نے شادی کی تقریب سے قبل مختلف انداز میں تصویریں کھنچوانے اور ویڈیوز بنانے کا ارادہ کیا۔ اسی سلسلے میں، شوٹنگ کے دوران ایک رنگین بم (Color Bomb) کا استعمال کیا گیا، جس کا مقصد دلہن کی خوبصورت اور منفرد تصاویر لینا تھا۔
یہ رنگین بم جیسے ہی پھٹا، فضا میں خوبصورت رنگ بکھر گئے، لیکن اچانک یہ شوٹنگ ایک خوفناک حادثے میں تبدیل ہو گئی۔ دھماکے کی شدت کی وجہ سے دلہن کے بالوں میں آگ لگ گئی اور اس کے جسم پر شدید زخم آئے۔ دلہن کے چہرے، کمر اور دیگر حصوں پر جھلسنے کے نشانات پڑ گئے۔
خوش قسمتی سے، قریبی افراد نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کوشش کی اور دلہن کو اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹرز نے بروقت علاج کرکے اس کی جان بچا لی۔ تاہم، دلہن کو کئی دن اسپتال میں گزارنے پڑے، کیونکہ اس کی کمر اور دیگر جسمانی حصوں پر شدید جلن کے زخم آئے تھے۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور انٹرنیٹ صارفین نے افسوس کا اظہار کیا۔ دلہن اور اس کے شوہر نے انسٹاگرام پر اپنی کہانی شیئر کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی شادی کی شوٹنگ میں اس قسم کے خطرناک تجربات کرنے سے گریز کریں۔