
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) تلنگانہ نے بجلی کے استعمال میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ریاست کی بجلی کی طلب 17,162 میگاواٹ تک پہنچا دی، جو اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
ڈپٹی چیف منسٹر‘ وزیر فینانس، منصوبہ بندی و توانائی بھٹی وکرامارکہ نے اپنے بیان میں کہا کہ برقی طلب میں غیر معمولی اضافہ کے باوجود حکومت نے تمام شعبوں کو بلا تعطل اور معیاری بجلی کی سربراہی کو یقینی بنایا۔
تازہ ترین طلب 20 مارچ 2025 کو شام 4:39 بجے ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سال 8 مارچ 2024 کو ریکارڈ شدہ 15,623 میگاواٹ کی بلند ترین طلب سے تجاوز کر گئی۔ تلنگانہ حکومت نے اس اضافہ کی وجہ صنعتی، تجارتی، آئی ٹی سرگرمیوں اور زرعی ضروریات میں اضافہ کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023 کے بعد حکومت نے بجلی کے شعبہ کو مستحکم بنانے کے لئے کلیدی اصلاحات نافذ کیں، جن میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ، ترسیل و تقسیم کے بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانا، اور موسم گرما کی طلب پوری کرنے کے لئے پیشگی حکمت عملی تیار کرنا شامل ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلب میں زبردست اضافہ کے باوجود حکومت نے تمام صارفین، بشمول زرعی شعبہ کو مسلسل اور معیاری برقی سربراہ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے توانائی کے شعبہ کے ملازمین، بالخصوص ٹی جی جینکو، ٹی جی ٹرانسکو، ٹی جی ایس پی ڈی سی ایل اور ٹی جی این پی ڈی سی ایل کے عملہ کی انتھک محنت کو سراہا، جنہوں نے بلا رکاوٹ برقی کی سربراہی یقینی بنائی۔