مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تعاون تنظیم نے صیہونی حکومت کی جانب سے انسانی امداد کی ترسیل کو روکنے اور غزہ میں تمام گزرگاہوں کو بند کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی رژیم کے یہ غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی انسانی قوانین، جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی ناکہ بندی فلسطینیوں کی اجتماعی نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرم ہے، جس پر بین الاقوامی فوجداری عدالت کے تحت مقدمہ چلانے کی ضرورت ہے۔
او آئی سی کے بیان میں عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کے جرائم کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرے اور غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل کو یقینی بنائے۔