مُدت اگروال نے آج جامع مسجد علاقے میں روڈ شو نکالا جو جگت سینما سے شروع ہو کر جامع مسجد گیٹ نمبر ایک، گلی مٹیا محل، کلا محل، پٹودی ہاؤس، پھول منڈی چوک، کوچہ چلان ہوتا ہوا واپس جگت سینما پر ختم ہوا۔
نئی دہلی: چاندنی چوک حلقہ اسمبلی سے کانگریس کے نوجوان اور باصلاحیت امیدوار مُدت اگروال کو انتخابی مہم کے دوران تمام طبقوں کی زبردست حمایت مل رہی ہے۔ لوگوں کی جانب سے ملی بے پناہ محبت اور حمایت سے مخالفین کے حوصلے مکمل طور پر پست ہو چکے ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری دن پیر (3 فروری) کو مُدت اگروال نے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ اپنے حلقہ اسمبلی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عوام سے رابطہ کیا۔ عوامی رابطے کے دوران انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ انتخاب میں جیت کے بعد ان کے درمیان رہ کر علاقے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں پرانی دہلی کے مختلف علاقوں کے کاروباری اور دیگر طبقہ کے لوگوں نے مُدت اگروال کے عزائم کو دیکھتے ہوئے میٹنگیں کیں اور پھر انھیں مکمل حمایت دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔
مُدت اگروال نے آج دن میں جامع مسجد علاقے میں روڈ شو نکالا جو جگت سینما سے شروع ہو کر جامع مسجد گیٹ نمبر ایک، گلی مٹیا محل، حویلی اعظم خان، کلا محل، پٹودی ہاؤس، پھول منڈی چوک، کوچہ چلان ہوتا ہوا واپس جگت سینما پر ختم ہوا۔ روڈ شو کے دوران مُدت اگروال کے ساتھ ان کے والد اور سابق رکن پارلیمنٹ جے پرکاش اگروال بھی تھے۔ روڈ شو کے دوران لوگوں نے مُدت اگروال کا زبردست استقبال کیا۔ اس دوران مُدت اگروال نے لوگوں کو چاندنی چوک حلقہ اسمبلی کی ترقی کے متعلق اپنے وِژن اور پالیسیوں سے واقف کروایا۔ ساتھ ہی ساتھ انتخاب جیتنے کے بعد ان کی کیا ترجیحات ہوں گی اس کے متعلق بھی لوگوں کو بتایا۔ اور اسمبلی میں وہ کون کون سے مسائل اور پالیسیوں کو اٹھائیں گے اس پر بھی بات کی۔
قابل ذکر ہے کہ پرانی دہلی کے مختلف کاروبار سے وابستہ کاروباریوں نے مُدت اگروال کو حمایت دینے اور بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر اسمبلی میں بھیجنے کا عہد کیا ہے۔ ساتھ ہی کاروباریوں نے مُدت اگروال کو یقین دلایا کہ انتخاب میں ان کی جیت یقینی ہے۔ وہیں مُدت اگروال نے بھی کاروباری طبقے کو یقین دلایا کہ وہ بھی ایک کاروباری خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور کاروباریوں کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہیں اس لیے مسائل کا حل نکالیں گے۔ مُدت اگروال نے کہا کہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد وہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے اور اچھے بُرے وقت میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔