[]
حیدرآباد: ریاستی اسمبلی کے مجوزہ انتخابات کے ضمن میں کانگریس اسکریننگ کمیٹی، جاریہ ماہ کے اوخر تک پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
اس دوران معلوم ہوا ہے کہ اسکریننگ کمیٹی نے پہلے مرحلہ میں پارٹی کے30 تا35 طاقتور امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ جن میں صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی،(حلقہ کوڑنگل) سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ (حلقہ مدیرا) اتم کمار ریڈی حلقہ (حضور نگر)، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی (حلقہ نلگنڈہ)، سیتا اکا(حلقہ ملگ)، سریدھر بابو (منتھنی)،
ٹی جگا ریڈی (حلقہ سنگا ریڈی)،دامودر راج نرسمہا(اندول)، ٹی جیون ریڈی (جگتیال)، جی ونود(پداپلی)، محمد علی شبیر (کاماریڈی)، سمپت کمار(کولا پور)، ومشی چندر ریڈی (کلواکرتی)، پوڈم ویر یا شامل ہیں جبکہ گڈم پرساد کمار، پونگو لیٹی سرینواس ریڈی، جو پلی کرشنا راؤ، تملا ناگیشو ر راؤ، فیروز خان، پریم ساگر راؤ، انجن کمار یادو،
پدماوتی ریڈی، مال ریڈی رنگاریڈی، وجئے رمنا راؤ، اے لکشمن کمار، ومشی کرشنا، اور دیگر کے نام بھی زیر غور ہیں اور ان کے نام بھی پہلی فہرست میں جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
اس دوران بتایا گیا ہے کہ کانگریس اسکریننگ کمیٹی جس کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں چیرمین کمیٹی مرلیدھرن کی قیادت میں منعقد ہوا تھا، دوسرا اجلاس کل شام نئی دہلی میں منعقد ہوا جس میں انچارج اے آئی سی سی مانک راؤ ٹھاکرے، صدر ٹی پی سی سی ا ے ریونت ریڈی، سی ایل پی قائد بھٹی وکرمارکہ، اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈیت مدھو یا شکی گوڑ، سکریٹریز اے آئی سی سی روہت چودھری، منصور علی خان اور پارٹی کی حکمت عملی ساز سنیل کانگولو نے شرکت کی۔
مسلسل 8گھنٹہ تک جاری اس اجلاس میں 119 اسمبلی حلقہ کیلئے300 ناموں پر غور وخوض کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ 30 تا35نشستوں کیلئے صرف ایک امیدوار،20 تا30 نشستوں کیلئے دو امیدوار،30 تا35 نشستوں کیلئے تین امیدوار اور10 تا15 نشستوں کیلئے 4 امیدواروں کے ناموں پر غور وخوص کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ مرکزی الیکشن کمیٹی کی منظوری کے بعد جاریہ ماہ کے اواخر تک پہلی فہرست کا اعلان کیا جائے گاجبکہ اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں دوسری فہرست اور دوسرے ہفتہ میں قطعی فہرست جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں اس رائے کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ مسلسل تین انتخابات میں ہارنے والے پارٹی قائدین کو ٹکٹ نہ دیا جائے اور ایسے6 تا8حلقہ شامل ہیں۔بتایا گیا ہے کہ حکمت عملی ساز سنیل کانگولو نے اپنی جانب سے کئے گئے سروے رپورٹ اجلاس میں پیش کی ہے۔رپورٹ میں ان نشستوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں دو، تین یا زائد امیدواروں کے درمیان مقابلہ کا امکان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اسکریننگ کمیٹی نے ایسے امیدواروں کی ایک مختصر فہرست بھی تیار کی ہے جن کے جیتنے کے 35فیصد سے زائد امکانات ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اسکریننگ کمیٹی نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے والے قائدین کی بھی فہرست تیار کی ۔
جنہیں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد مختلف عہدوں سے نواز جائے گا اور یہ فہرست صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھر گے، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو پیش کی جائے گی۔ جنہیں ایم ایل سی یاکارپوریشن کے صدور کے عہد وں پر فائز کیا جائے گا۔