[]
نئی دہلی _ 14 ستمبر ( اردولیکس ڈیسک) اپوزیشن انڈیا اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایسے ٹی وی اینکرس یا صحافیوں کے پروگرام میں اپنے قائدین کو نہیں بھیجیں گی جو کہ صرف اشتعال انگیزی پھیلانے کا کام کرتے ہیں اور نفرت کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔
انڈیا اتحاد کی طرف سے ایسے ٹی وی اینکرس کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ارنب گوسوامی، سدھیر چودھری اور چترا ترپاٹھی جیسے مشہور نام شامل ہیں۔انڈیا اتحاد کے کوآرڈنیشن کمیٹی کا اجلاس 13 ستمبر کو این سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا ۔ اس اجلاس کے بعد ہی کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بتا دیا تھا کہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق قائم ہوا ہے کہ کچھ میڈیا گروپس کے کچھ اینکر کے شو میں انڈیا اتحاد کا کوئی بھی لیڈر شامل نہیں ہوگا۔ حالانکہ اس وقت انھوں نے کسی بھی اینکر کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔
انھوں نے کہا تھا کہ اینکرس کے نام پر فیصلہ ذیلی گروپ کرے گا جسے میڈیا کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ آج ان اینکرس کی فہرست سامنے آئی ہے جن کے پروگرام میں انڈیا اتحاد کے قائدین شامل نہیں ہوں گے۔ ان میں ادیتی تیاگی، امن چوپڑا، امیش دیوگن، آنند نرسمہن، ارنب گوسوامی، اشوک شریواستو، چترا ترپاٹھی، گورو ساونت، نویکا کمار، پراچی پراشر، روبیکا لیاقت، شیو ارور، سدھیر چودھری اور سوشانت سنہا شامل ہیں