
جگتیال: تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے میٹ پلی میں تحصیلدار کے دستخط جعلسازی کے ذریعہ نقل کرکے جعلی دستاویزات تیار کرنے اور زمین کو غیر قانونی طور پر دوسرے افراد کے نام رجسٹر کروانے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں چار ملزمین کو گرفتار کر لیا جبکہ دو دیگر ملزمین مفرور ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق میٹ پلی ٹاؤن کے آرا پیٹ وارڈ کے مضافاتی علاقے میں واقع سروے نمبر 191 کی اراضی سے متعلق جعلی آبادی سرٹیفکیٹ تیار کیا گیا۔ ملزمین نے نہ صرف میٹ پلی کے تحصیلدار کے دستخطوں کی جعلسازی کی بلکہ سرکاری دفاتر کی مہروں سے مشابہ جعلی ربڑ اسٹامپس بھی تیار کئے۔
ان جعلی دستاویزات اور اسٹامپس کی مدد سے مذکورہ زمین کو دوسرے افراد کے نام رجسٹر کروایا گیا۔ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا۔
تحقیقات کے دوران جرم ثابت ہونے پر پولیس نے راجولا دیوی نرسیا، کالیکوٹا وینو، گولاپو گنیش اور پاکالا راجیش کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے کمپیوٹر آلات، جعلی ربڑ اسٹامپس اور دیگر اہم شواہد بھی ضبط کر لئے ہیں۔
