
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک خودکش ڈرون کے ذریعے اسرائیلی فوج کے نئے توپ خانے کے ایک ٹھکانے کو مزرعہ سردا کے علاقے میں نشانہ بنایا۔
حزب اللہ نے ایک دوسری کارروائی میں جنوب مغربی علاقے میں واقع مجدل زون بستی کے نواح میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں اور اہلکاروں کے اجتماعات پر مرحلہ وار اور شدید میزائل حملے کیے۔
ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ کریات شمونہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کا فضائی دفاعی نظام فعال ہو گیا، جبکہ اس سے قبل وہاں خطرے کے سائرن بھی نہیں بجے تھے۔
حزب اللہ نے مزید بتایا کہ اس نے جنوبی لبنان کے قصبے العدیسہ میں اسرائیلی فوج کے ایک نئے قائم کردہ توپ خانے کے مورچے کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا۔
مزاحمتی تنظیم نے یہ بھی اعلان کیا کہ جنوبی لبنان کے قصبے القنطرہ کے علاقے تلۃ الصلعہ میں موجود اسرائیلی فوجی گاڑیوں اور اہلکاروں کے اجتماع پر بھی میزائل حملہ کیا گیا۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان اور اس کے عوام کے دفاع، قابض قوتوں کے خلاف مزاحمت کے جائز حق اور سرزمین کی آزادی کے اصول کے تحت، نیز اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور لبنانی فضائی حدود میں دراندازی کے جواب میں، مزاحمتی مجاہدین نے اتوار 14 جون 2026 کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 10 منٹ پر اقلیم التفاح کے فضائی علاقے میں اسرائیلی ہرمس 450 ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا اور اسے پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
حزب اللہ کی یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اسرائیلی فضائیہ کے حالیہ حملے نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حملے کے بعد دونوں فریقوں کے درمیان قائم نازک جنگ بندی ایک بار پھر مکمل خاتمے کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اور خطے میں سکیورٹی کشیدگی کی نئی لہر پیدا ہو گئی ہے۔
