دیویندر یادو کے مطابق زیادہ تر بچوں کی موت غذائیت کی کمی، نشو نما میں کمی، نمونیا اور بروقت طبی امداد و سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔


دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: 7 اپریل کو عالمی یوم صحت کے موقع پر دہلی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کے بدحال صحت نظام پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہلی کی گزشتہ عام آدمی پارٹی اور موجودہ بی جے پی حکومت کے حوالے سے کہا کہ ’’دونوں حکومتیں دہلی کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہیں اور انہوں نے لوگوں کو گمراہ کرنے اور جھوٹی بیان بازی کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا۔‘‘ دیویندر یادو نے عالمی یوم صحت کے موقع پر جاری رپورٹ کے اعداد و شمار کے حوالے سے کہا کہ ’’رپورٹ کے اعداد و شمار کافی تشویشناک ہیں، کیونکہ ملک کی راجدھانی دہلی میں روزانہ 20 نوزائیدہ بچوں کی موت ہو رہی ہے۔ یہی نہیں گزشتہ سال دہلی میں 7439 نوزائیدہ بچوں کی موت ہوئی تھی اور یہ اعداد و شمار گزرتے سال کے ساتھ بڑھتے جا رہے ہیں۔‘‘
دیویندر یادو کے مطابق زیادہ تر بچوں کی موت غذائیت کی کمی، نشو نما میں کمی، نمونیا اور بروقت طبی امداد و سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک کو اقتصادی طور پر ٹریلین طاقت بنانے کے لیے امریکہ سے موازنہ کر رہی ہے۔ جب کہ امریکہ میں ایک ہزار نوزائیدہ بچوں میں سے صرف 6-5 کی ہی موت ہو رہی ہے، اس کے بالمقابل ہندوستان میں نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح کہیں زیادہ ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ اگر گزشتہ 4 سالوں کی نوزائیدہ بچوں کے اموات کی شرح کا جائزہ لیا جائے تو شرح اموات میں سال بہ سال تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ 2020 میں 6145 نوزائیدہ بچوں کی اموات کے ساتھ شرح اموات 20.37 فیصد تھی۔ 2021 میں 6413 نوزائیدہ بچوں کی اموات کے ساتھ شرح اموات 23.60 فیصد تھی۔ 2022 میں 7155 نوزائیدہ بچوں کی اموات کے ساتھ شرح اموات 23.82 فیصد تھی۔ 2023 میں مرنے والے نوزائیدہ بچوں میں 4439 لڑکے اور 2995 لڑکیاں شامل ہیں۔ گزشتہ سال اسپتالوں میں 7419 نوزائیدہ بچوں کی موت ہوئی جو دہلی کے اسپتالوں کے نظام پر ایک بڑا سوال ہے۔
دیویندر یادو نے دہلی بی جے پی کی موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’پچھلی حکومت کی ناکامیوں کو سب کے سامنے لانی والی بی جے پی نے ابھی تک صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کے لیے کوئی قدم کیوں نہیں اٹھا رہی ہے؟ ڈبل انجن کی حکومت ہونے کے باوجود دہلی کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں ضروری ادویات تک دستیاب نہیں ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔