’مہنگائی سے تڑپتی عوام کے زخموں پر مودی نے نمک چھڑک دیا‘، گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت بڑھنے پر کانگریس کا حملہ

کانگریس نے کہا کہ ’مہنگائی مین‘ مودی نے عوام کو مہنگائی کا آج زبردست جھٹکا دیا۔ مودی حکومت نے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت سیدھے 50 روپے بڑھا دی۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس @INCIndia</p></div><div class="paragraphs"><p>گرافکس @INCIndia</p></div>
user

مہنگائی سے پریشان ہندوستانی عوام کے لیے 7 اپریل کا دن بہت مایوس کرنے والا رہا۔ ایسا اس لیے کیونکہ پہلے تو صبح میں پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کی خبر ملیں، اور پھر بعد دوپہر ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 50 روپے اضافہ کی خبر نے زوردار جھٹکا دیا۔ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں ہوئے اس بڑے اضافہ کے بعد کانگریس نے مودی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کا الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’مہنگائی مین مودی نے عوام کو مہنگائی کا زبردست جھٹکا دیا ہے۔ مودی حکومت نے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت سیدھے 50 روپے بڑھا دی ہے۔‘‘ پارٹی نے مزید لکھا ہے کہ ’’مہنگائی سے تڑپتی عوام کے زخموں پر نریندر مودی نے نمک چھڑ دیا ہے۔‘‘

ایل پی جی کی قیمت بڑھنے کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی گئی اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ایل پی جی گیس سلنڈر کی ہی کمی رہ گئی تھی مودی جی… اس بار تو مہنگائی کا چابک ’اُجولا‘ کی غریب خواتین کی بچت پر بھی چل گیا۔‘‘ ساتھ ہی وہ لکھتے ہیں کہ ’’لوٹ، وصولی، ہیرا پھیری… سب مودی حکومت کے طریقے بن چکے ہیں۔‘‘

اس سے قبل کھڑگے نے پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں اضافہ پر بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا تھا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’واہ مودی جی واہ!! مئی 2014 کے مقابلے بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمت میں 41 فیصد کی گراوٹ آئی ہے، لیکن آپ کی لٹیری حکومت نے پٹرول و ڈیزل کی قیمت کم کرنے کی جگہ 2-2 روپے سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھا دی ہے۔‘‘ اس پوسٹ میں کانگریس صدر نے امریکی ٹیرف معاملہ کا بھی ذکر کیا، اور لکھا کہ ’’ٹیرف پالیسی پر کمبھ کرن والی نیند سے شیئر بازار میں چھوٹے بڑے سرمایہ کاروں کا ایک جھٹکے میں 19 لاکھ کروڑ روپے تباہ ہونے سے آپ کو چین نہیں ملا ہوگا، اس لیے آپ کی حکومت جلے پر نمک چھڑکنے آ گئی۔‘‘

امریکی ٹیرف اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ معاملہ پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک مختصر پوسٹ کیا ہے۔ انھوں نے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ ’’آخر کار مودی جی نے دیا ’ٹیرف‘ کا سخت جواب! پٹرول و ڈیزل پر ٹیکس اور گیس سلنڈر کی قیمتیں مزید بڑھا دیں۔ مہنگائی سے بے حال عوام کو سرکاری لوٹ کا مزید ایک تحفہ پکڑا دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *