
نئی دہلی ۔ وقف ترمیمی بل 2024 کو لوک سبھا میں جمعرات کی رات منظور کر لیا گیا۔ اس بل کے حق میں 288 ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں 232 ووٹ ڈالے گئے۔ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تمام ترمیمات کو صوتی ووٹ کے ذریعہ مسترد کر دیا گیا۔
یہ بل 12 گھنٹوں کے طویل مباحث کے بعد منظور کرلیا گیا۔ بحث کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے اراکین نے اپنے موقف کا بھرپور دفاع کیا۔ این ڈی اے کی حلیف جماعتوں جنتا دل یو (جے ڈی یو) اور تلگودیشم پارٹی نے بھی اس بل کی حمایت میں حکومت کا ساتھ دیا جس سے اس بل کی منظوری میں حکومت کو مزید تقویت ملی۔
اپوزیشن نے مختلف وجوہات کی بناء پر بل کی مخالفت کی لیکن حکومت نے اس بل کو عوامی فلاح کے لیے ضروری قرار دیا۔ملک گیر سطح پر مسلمانوں کے شدید احتجاج اور اپوزیشن کے اعتراضات کے درمیان یہ بل آدھی رات کو منظور کرلیا گیا۔