
نئی دہلی (آئی اے این ایس) حکومت نے پونم گپتا کو 3 سال کے لئے ڈپٹی گورنر ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) مقرر کیا ہے۔ وہ مائیکل ڈی پاترا کی جگہ لیں گی جو جاریہ سال جنوری میں سبکدوش ہوگئے۔
پونم گپتا فی الحال ڈائرکٹر جنرل نیشنل کونسل آف اپلائیڈ اکنامک ریسرچ ہیں۔ وہ وزیراعظم کی مشاورتی کونسل اور 16 ویں فینانس کمیشن کی مشاورتی کونسل کی بھی رکن ہیں۔
انہوں نے یونیورسٹی آف میری لینڈ (امریکہ) سے پی ایچ ڈی اور ماسٹرس ڈگری (معاشیات) لی ہے۔ وہ دہلی اسکول آف اکنامکس کی ماسٹرس ڈگری(معاشیات) بھی ہیں۔
آر بی آئی میں 4 ڈپٹی گورنر ہوتے ہیں۔ ان میں 2 مرکزی بینک کے برسرخدمت عہدیدار ہوتے ہیں۔ تیسرا ڈپٹی گورنر ماہر معاشیات ہوتا ہے جو مانیٹری پالیسی محکمہ کا نگراں ہوتا ہے۔
چوتھا ڈپٹی گورنر کمرشیل بینک عہدیدار ہوتا ہے۔ مائیکل ڈی پاترا کے ریٹائرمنٹ کے بعد ڈپٹی گورنر کا عہدہ 2 ماہ تک مخلوعہ رہا۔