
رانچی (پی ٹی آئی) ایک بی جے پی لیڈر کو جو ضلع پریشد کا سابق رکن بھی تھا، آج یہاں دن دہاڑے گولی مار دی گئی۔ مہلوک کی بی جے پی رانچی رورل ڈسٹرکٹ جنرل سکریٹری انیل ٹائیگر کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔
قتل کے خلاف بطور احتجاج بی جے پی اور اے جے ایس یو پارٹی نے جمعرات کے روز رانچی میں بند منانے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں دن میں موٹر سائیکل سوار بندوق برداروں نے یہاں کنکے چوک علاقہ میں بی جے پی لیڈر کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
جھارکھنڈ کے بی جے پی انوراگ گپتا نے اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بدبختانہ ہے۔ میں انیل ٹائیگر سے شخصی طور پر واقف تھا۔ قاتلوں کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔
بی جے پی کے ریاستی صدر بابو لال مرانڈی نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ جے ایم ایم کی مخلوط حکومت کے زیر اقتدار ریاست میں نظم وضبط ٹھپ ہوچکا ہے، چیف منسٹر ہیمنت سورین سے استعفی دینے کا مطالبہ کیا۔
مرانڈی نے رمس ہاسپٹل کا دورہ بھی کیا جہاں انیل ٹائیگر کو لے جایا گیا تھا۔ انہوں نے مہلوک کے ارکان خاندان سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے چیف منسٹر کو فوری استعفی دے دینا چاہئے۔