انجینئر رشید کو پارلیمنٹ اجلاس میں شرکت کرنے کی اجازت

نئی دہلی (آئی اے این ایس) دہلی ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے روز جموں وکشمیر کے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید کو بجٹ اجلاس میں شریک ہونے کی اجازت دے دی۔

بجٹ سیشن کے دوسرے نصف کا آغاز 10 مارچ سے ہوا اور 4 اپریل کو اختتام عمل میں آئے گا۔ انجینئر رشید نے جموں وکشمیر کے بارہمولہ لوک سبھا حلقہ سے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور موجودہ چیف منسٹر عمر عبداللہ کو زائداز 2 لاکھ ووٹوں سے شکست دیتے ہوئے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ وہ دہشت گردی فنڈنگ کیس کے ملزم کی حیثیت سے تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے انہیں اس کیس میں ملزم بنایا ہے۔

جسٹس چندردھاری سنگھ اور جسٹس انوپ جئے رام بھمبانی پر مشتمل بنچ نے منگل کے روز این آئی اے اور انجینئر رشید کے وکیل کے زبانی دلائل کی سماعت کے بعد اس کیس میں اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

رشید نے 10 مارچ کو دہلی ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی تھی اور خصوصی این آئی اے عدالت کی جانب سے انہیں کسٹڈی پیرول دینے سے انکار کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔ رکن لوک سبھا نے اپنی درخواست میں شہر کی عدالت کے حکم کو غلط قراردیا تھا۔

دہلی ہائی کورٹ نے اس درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کسٹڈی پیرول پر ان کی رہائی کے مسئلہ پر این آئی اے سے جواب مانگا تھا اور تحقیقاتی ایجنسی کو ہدایت دی تھی کہ وہ 17 مارچ سے پہلے اپنے اعتراضات داخل کرے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *