مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمنی مقاومتی تنظیم انصار اللہ کے سینئر رہنما علی القحوم نے کہا ہے کہ یمنی قوم کے کردار اور گفتار میں کوئی تضاد نہیں۔ امریکہ سمیت پوری دنیا کو یمن کی جانب سے نئی حیرت انگیز کارروائیوں کے لیے تیار رہنا چاہیے کیونکہ یمنی جو کچھ کہتے ہیں، اس پر عمل بھی کرتے ہیں۔
علی القحوم نے مزید کہا کہ یمن اپنی سید عبدالملک الحوثی کی زیر قیادت فلسطین کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔
انصار اللہ کے اعلی عہدیدار نے مزید کہا کہ آج شناخت کی جنگ لڑی جارہی ہے۔ اس جنگ میں جو پیچھے ہٹے گا، اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی، خاص طور پر عرب ممالک کے لیے اس کے نتائج زیادہ سنگین ہوں گے۔ اسرائیل برطانیہ اور امریکہ کا منصوبہ ہے جس کا مقصد پوری اسلامی امت کی شناخت، تاریخ، تہذیب، عظمت اور اس کے مستقبل کو ختم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی عوام کی حمایت اور پشت پناہی کے تحت یمنی فوج نے مقبوضہ یافا (تل ابیب) میں واقع بن گوریان ایئرپورٹ کو ذوالفقار بیلسٹک میزائل اور فلسطین-2 ہائپرسونک بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔