
بہار کے بھوجپور ضلع میں آرا ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 3 پر واقع فٹ اوور برج پر منگل کے روز ایک نوجوان نے گولی چلا کر ایک لڑکی اور اس کے باپ کو ہلاک کر دیا۔ اس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ تینوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
اس واردات کے بعد آرا اسٹیشن پر خوف و ہراس پھیل گیا۔ لڑکی اپنے والد کے ساتھ پلیٹ فارم نمبر 2 کی طرف جا رہی تھی جب حملہ آور نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس موقع پر پہنچ کر تحقیقات میں مصروف ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، مقتول والد انیل کمار اپنی بیٹی آیوشی کماری عرف جیا کو ٹرین میں سوار کروانے آئے تھے۔ حملہ آور کی شناخت امن کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو ادونت نگر علاقے کے بھلائی گاؤں کے رہنے والے شتروگھن سنگھ کا بیٹا تھا۔
امن نے اچانک فائرنگ کر کے والد اور بیٹی کو ہلاک کر دیا اور بعد میں خود کو بھی گولی مار لی۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔